اردو زبان کی تاریخ اور اہمیت
تحریر: عمرفاروق
:اردو زبان کی ابتداء
اردو دنیا میں بولی اور سمجھی جانے والی بڑی زبانوں میں سے ایک ہے۔اردو زبان کی تاریخ 800 سال پر محیط ہے، جو جنوبی ایشیاء کی ثقافتی اور لسانی تنوع کی عکاس ہے۔اس کا ارتقاء مختلف ادوار میں ہوا، جس میں مقامی زبانوں فارسی، عربی، سنسکرت اور ترکی زبانوں کے الفاظ کی بہتات ہے۔ اردو زبان آریائی زبانوں کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے اور یہ ہندوستانی زبان وں کی ایک معیاری شکل ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ اردو،ان سمیت دیگر کئی زبانوں کا مرقع ہے، تو یہ بے جا نہ ہوگا۔ اردو زبان کا ابتدائی روپ دکن، دہلی اور پنجاب کے خطوں میں 11ویں سے 13ویں صدی کے درمیان پروان چڑھا۔
:اردو زبان کا تاریخی ارتقاء
وسطی دور: (سلاطین دہلی اور مغلیہ دور)
اردو زبان کی تشکیل میں فارسی زبان کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔فارسی چونکہ مغل دور میں دربار کی سرکاری زبان تھی۔اس لئے فارسی نے اردو زبان کی ترویج اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اردو زبان میں فارسی کے الفاظ سب سے زیادہ ہیں۔ امیر خسرو کو اردو زبان کا پہلا شاعر تسلیم کیا جاتا ہے۔
:برطانوی دور میں اردو زبان
انگریزوں نےہندوستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد فارسی زبان کو کم اہمیت دی اور اس کی جگہ پر اردو کو سرکاری زبان کے طور پر اپنایا۔1857ء کی جنگ آزادی کے بعد اردو نے ہندوستان میں ایک ثقافتی شناخت قائم کرلی تھی اور یہ بتدریج ترقی کی منازل طے کرتے کرتے موجودہ شکل میں ہمارے پاس پہنچی ہے۔
:تقسیم ہند کے بعد اردو زبان
تقسیم ہند کے بعد اردو زبان کو پاکستان کی قومی زبان کا درجہ ملا اور ایف اے ۔ایف ایس سی تک اسے لازمی مضمون کا درجہ دیا گیا۔ اردوزبان کی ترویج اور ترقی کے لئے تقریباً تمام جامعات میں اس کے ڈیپارٹمنٹس قائم کئے گئے جہاں پر ایم اے ، ایم فل اور پی ایچ ڈی تک تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔
:اردو زبان کی لسانی خصوصیات اور ماخذ
اردو چونکہ کئی زبانوں سے مل کر وجود میں آئی ہے، اس لئے اسے لشکری زبان بھی کہاجاتا ہے۔اردو زبان میں 60 سے 70 فیصد الفاظ فارسی اور عربی زبان کے ہیں۔20 سے 30 فیصد الفاظ سنسکرت اور دوسری مقامی زبانوں سے لئے گئے ہیں۔
:اردو زبان کے لہجے
اردو زبان کے مختلف لہجے ہیں جن میں چند ایک بہت مشہور ہیں۔ان لہجوں میں دہلوی، لکھنوی، حیدرآبادی اور کراچی بہت اہم ہیں۔ ان تمام لہجوں میں حیدرآباد لہجہ بہت مشہور ہے ۔ اس لیجے میں رکھ رکھاؤ، تکریم اورانداز تخاطب انتہائی شستہ ہے۔
:اردو کا انداز تحریر
اردو زبان نستعلیق رسم الخط میں لکھی جاتی ہے، جو فارسی اورعربی حروف تہجی پر مشتمل ہے۔
:اردو زبان کی ثقافتی اور ادبی اہمیت
:شاعری
شاعری، اردوزبان کی ایک اہم صنف ہے۔ اردو شاعری نے 800 سال کے سفر میں مختلف ادوار طے کئے ہیں جس میں فارسی، عربی،ہندی اور مقامی ثقافتوںکے اثرات شامل ہیں۔اردو شاعری میں غزل، نظم، نعت،مرثیہ اور قصیدہ جیسے اصناف مشہور ہے۔میر تقی میر، غالب، اقبال، فیض، جون ایلیا، محسن نقوی اور فراز جیسے شاعروں نے اردو زبان کو عالمی شہرت دی۔
:نثر
اردو نثر نے بھی شاعری کی طرح ایک طویل اور دلچسپ سفر طے کیا ہے۔ ابتدائی دور سے لے کر جدید دور تک، اردو نثر نے مختلف ادوار میں ترقی کی اور معاشرے، سیاست، مذہب اور ادب کے موضوعات کو بیان کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ سرسید احمد خان، قرۃ العین حیدر، انتظار حسین اور عصمت چغتائی جیسے ادیبوں نے اردو نثر کو فروغ دیا۔
:میڈیا اور فلمیں
پاکستان اور بھارت کی فلموں (بالی وڈ اور لالی وڈ) اور ڈراموں میں اردو کا استعمال ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اردو زبان نہ صرف اس خطے میں سمجھی اور بولی جاتی ہے بلکہ چین، نیپال، جرمنی، کینیڈا، ترکیہ ،امریکااور یورپ کے کئی ملکوں میں اردو زبان بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ چین کی کئی جامعات میں اردو زبان کے ڈیپارٹمنٹس قائم ہیں جہاں اور زبان کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اب دنیا کے کئی ملکوں کے میڈیا ہاؤسز بھی اردو زبان میں خبریں دیتے ہیں۔ ڈیجیٹل دور میں مختلف میڈیا اداروں نے اردوخبروں ، فیچرز اور مضامین کے لئے ویب سائٹ بنائی ہیں۔
:موجودہ دور میں اردو زبان کی اہمیت
اردو زبان پاکستان کی قومی زبان ہے اس لئے اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔یہ خطے کے کئی ممالک میں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ پاکستان میں اردو کو دفتری زبان کا درجہ ملنے کے باوجود تاحال اس پر پوری طرح عمل درآمد نہیں ہوسکاہے اور یہ انگریزی زبان کے ساتھ مسابقت کا شکارہے۔
بھارت میں اردو زبان بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ اسے کئی ریاستوں میں سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔بھارت کی ریاست اتر پردیش میں ہندی کے بعد اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ ریاست تلنگانہ میں تیلگو زبان اور اردو کو ریاست کی سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے۔ جموں و کشمیرمیں پانچ زبانوں کو سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے، جس میں اردو، انگریزی ، کشمیری ا، ڈوگری اور ہندی زبانیں شامل ہیں۔
اردو زبان اسلامی ادب اور مذہبی تعلیمات (قرآن کی تفسیر، حدیث) کی ترسیل کا اہم ذریعہ ہے۔اردو زبان بھارت اور پاکستانکی مشترکہ تہذیبی میراث کی علامت ہے۔
اردو کی تعلیمی اہمیت سے کسی بھی طور پر انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اردو میں جدید سائنس، ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس سمیت دیگر موضوعات پر کتابیں لکھی جارہی ہیں۔
اردو صرف ایک زبان نہیں، بلکہ تہذیبی رشتوں، تاریخی ورثے اور فنون لطیفہ کا حسین امتزاج ہے۔ اسے فروغ دینے کےلئے جدید دور میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز (اردو کی بورڈز، آن لائن لغات) پر توجہ دی جا رہی ہے۔
Discover more from The First Info
Subscribe to get the latest posts sent to your email.