جنرل ساحر شمشاد مرزا
پاکستان میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نیا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے 27 نومبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالا۔ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں پُر وقار تقریب میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے اٹھارہویں چیئرمین تعینات ہوئے ہیں۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے 1987 میں پاک فوج میں بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ شمولیت اختیار کی اور سندھ رجمنٹ کی آٹھویں بٹالین میں کمیشن حاصل کیا۔
ساحر شمشاد مرزا نے 1987 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی
جنرل ساحر شمشاد مرزا کا پاک فوج میں کیریئر شاندار خدمات پر محیط ہے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے فوجی کیرئیر کے دوران چیف آف جنرل سٹاف، کور کمانڈر راولپنڈی اور ڈی ایم او سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں ۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا کاکیریئر شاندار خدمات پرمحیط
پاکستان ملٹری اکیڈمی سے تربیت مکمل کرنے کے بعدجنرل ساحر شمشاد مرزا نے سندھ رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی اور مختلف اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے ہوئے اعلیٰ ترین عہدے تک پہنچے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا گزشتہ سات برسوں کے دوران کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ جنرل راحیل شریف کے آخری دو برس کےدوران وہ آرمی چیف کی کور ٹیم کا اہم حصہ رہے۔ انہوں نے بطور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز فرائض سرانجام دیئے اور شمالی وزیرستان میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن کی نگرانی بھی کی۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے گلگت بلتستان میں ریفارمز کے سلسلہ میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔
اکتوبر 2021ء میں کور کمانڈر راولپنڈی تعینات
جنرل ساحر شمشاد مرزا پاکستان، چین، افغانستان اور امریکہ پر مشتمل چار فریقی رابطہ گروپ میں انٹرا افغان مذاکرات کا حصہ بھی رہے۔ انہیں سرتاج عزیز کی زیر قیادت گلگت بلتستان کیلئے اصلاحاتی کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دینے کا بھی موقع ملا۔ تھری اسٹار رینک پر ترقی کے بعد ساحر شمشاد مرزا کوچیف آف جنرل اسٹاف کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ مختصر عرصے کیلئے بطور ایڈجوٹنٹ جنرل جی ایچ کیو میں خدمات کی انجام دہی کے بعدجنرل ساحر شمشاد مرزا کو اکتوبر2021ء میں کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کیاگیا جہاں انہوں نے کشمیر اور سیاچن جیسے علاقوں کی نگرانی کی۔ وہ اپنے کیریئر میں تین بارملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں تعینات رہے اور نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ انھوں نے بطور وائس چیف آف جنرل سٹاف، ملٹری آپریشنز اور ملٹری انٹیلی جنس کی نگرانی بھی کی۔
پاک فوج میں شاندار خدمات کے اعتراف میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ہلال امتیاز(ملٹری) عطا کیا گیا ہے۔