جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی
جنرل سید عاصم منیر نے 17ویں سپہ سالار کے طور پر پاک فوج کی قیادت سنبھا لی ہے۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی پروقار تقریب میں سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2022 کو بہادر فوج کی کمانڈ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے حوالے کی۔
پاک فوج کے 17ویں سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے 1986 ء میں عسکری خدمات کا آغاز کیا۔انہیں17 ویں آفیسر ٹریننگ کورس میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر اعزاز ی شمشیر سے نوازا گیا۔۔ جنرل سید عاصم منیر کا تعلق انفنٹری کی 23 فرنٹیئر فورس رجمنٹ سے ہے۔ حافظ قرآن جنرل سید عاصم منیر جاپان،اور ملائشیا کے آرمڈ فورسز سکول اور کالج کے گریجویٹ ہیں۔وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے بھی فارغ التحصیل ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر پاک فوج میں سینئر ترین آفیسر ہیں۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اپنے فوجی کیرئیر کے دوران ایک سٹرائیک کور کے چیف آف سٹاف بھی رہے۔ انہوں نے بریگیڈئر کے رینک پر ایک انفنٹری بریگیڈ کی قیادت کی۔ میجر جنرل کے رینک پر جنرل سید عاصم منیر نے سیاچن کی ذمہ دار فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کی کمان کی۔ اس کے علاوہ ملٹری انٹیلی جنس کی قیادت کرنے کا اعزاز بھی جنرل سید عاصم منیر کو حاصل ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل کے رینک پر انہوں نے آئی ایس آئی کی کمان اور گوجروانوالہ میں تعینات 30 کور کی قیادت بھی کی۔۔ آرمی چیف کے رینک پر پروموٹ ہونے سے قبل جنرل سید عاصم منیر جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر فرائض سرانجام دے رہےتھے۔۔
پیشہ ور فوجی اور بااصول افسر کے طور پر جانے جانے والے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عسکری کیرئیر میں سعودی عرب میں پاکستانی دستے کی قیادت بھی کی۔
اپنے پورے کیرئیر کے دوران انہوں نے کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ جنرل سید عاصم منیر 2014ء میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا خدمات انجام دینے کے بعد 2017 ء میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اکتوبر 2018ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہیں ڈی جی ملٹری آئی ایس آئی تعینات کیا گیا، جہاں کچھ عرصہ خدمات کی انجام دہی کے بعد انہیں جون 2019 ء میں کور کمانڈر گوجرانوالہ کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ شاندار خدمات کےاعتراف میں جنرل عاصم منیر کومارچ 2018 میں ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
جنرل عاصم اکتوبر 2021 ء سے جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل فرائض سرانجام دے رہے تھے ۔